2سال میں ریکارڈ مہنگائی، معیشت تباہ، خارجہ پالیسی مکمل ناکام, اپوزیشن

2سال میں ریکارڈ مہنگائی، معیشت تباہ، خارجہ پالیسی مکمل ناکام, اپوزیشن
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے دوسالہ دور میں ہمیں ملکی تاریخ کی بدترین معیشت دی، کشمیر سے سعودیہ تک خارجہ پالیسی ناکام رہی، عمران خان کے دو برس کے اقتدار میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پہلے سے زیادہ کرپشن ہوئی، دوبرسوں کے دوران ملک میں سب سے زیادہ بیروزگاری ہوئی۔

 

 منگل کو ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ عمران خان کو آج حکومت کرتے ہوئے دوسال ہوگئے، عمران خان نے اپنے دوسالہ دور میں ہمیں ملکی تاریخ کی بدترین معیشت دی، عمران خان کے دوسالوں میں کشمیر سے سعودیہ تک خارجہ پالیسی ناکام رہی، عمران خان کے دوسالوں کے دوران جمہوریت اور انسانی حقوق نشانہ رہے۔

 

 انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کے دوبرسوں کے دوران ملک میں سب سے زیادہ بیروزگاری ہوئی، عمران خان کے دو برس کے اقتدار میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پہلے سے زیادہ کرپشن ہوئی۔ 

 

دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اور نگزیب نے کہا ہے کہ دو سال میں جھوٹ بولنے کا عمران خان کا کوئی ریکارڈ نہیں توڑ سکتا، حکومت آر ٹی ایس کو بیٹھا کر سلیکٹڈ حکومت لائی گئی ہے، جو وعدے کنٹینر پر کئے تمام جھوٹ ثابت ہورہے ہیں، ہر شعبہ میں نقصانات، صدمات کا سامنا ہے، کوئی شعبہ نہیں جس میں چوری یا کرپشن نہ کی گئی ہو، کورونا کو بیساکھی کے طور پر استعمال کیا جاتا جا رہا ہے۔

 

دریں اثناء عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے پی ٹی آئی حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی دو سال دراصل تباہی کے دو سال ہیں کیونکہ ان دو سالوں میں ملک کو تباہی کے دہانے کھڑا کردیا گیا ہے، ملکی معیشت بدترین صورتحال اختیار کرچکی ہے جبکہ داخلہ و خارجہ پالیسی بھی مکمل طور پر ناکام نظر آرہی ہے۔ 

باچاخان مرکز پشاور سے جاری میں بیان میں اے این پی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا کہ دو سال کے دوران جمہوریت کے خلاف سازشوں میں مزید تیزی آئی اور اٹھاروہویں آئینی ترمیم پر بھی کئی حملے ہوئے۔ 50لاکھ گھر دینے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ چکے ہیں بلکہ غربت نے لاکھوں افراد کو بے گھر کردیا ہے۔

Shazia Bashir

Content Writer