(اسرار خان)بارہ دری کے قریب دریائے راوی میں نہانے والا نوجوان ڈوب گیا ، 5 گھنٹوں کے سرچ آپریشن کے باوجود نوجوان کا کوئی سراغ نہ مل سکا ۔
ریسکیو حکام کے مطابق سیالکوٹ روڈ گوجرانولہ کا رہائشی 23 سالہ ذبیع اللّٰہ دوستوں کے ہمراہ دریائے راوی میں نہانے کیلئے لاہور پہنچا، جہاں بارہ دری کے قریب نہاتے ہوئے وہ ڈوب گیا ۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر سول ڈیفنس کا عملہ، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے 5 گھنٹوں تک سرچ آپریشن جاری رکھا لیکن ڈوبنے والے نوجوان کا کوئی سراغ نہ مل سکا ۔
اندھیرا ہونے پر امدادی کارروائیاں کل صبح تک مؤخر کر دی گئیں ۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح 7 بجے دوبارہ امدادی کارروائیاں شروع کی جائیں گی اور نوجوان کی تلاش کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔