(مانیٹرنگ ڈیسک) گاڑی کے شوقین افراد کیلئے اچھی خبر،معروف کار ساز کمپنی ’’ماسٹر شینگن موٹرز لمیٹڈ‘‘ نے اپنی گاڑی ’السوین‘ پر پرکشش رعایت کی پیشکش دیدی۔
تفصیلات کے مطابق کار ساز کمپنی کی طرف سے رجسٹریشن ری بیٹ کے ذریعے السوین گاڑی خریدنے والوں کو 2لاکھ روپے تک کی بچت کی آفر دی گئی ہے،اس کے علاوہ اس آفر میں ایک انشورنس پلان، گاڑی کی ترجیحی ڈلیوری اور پرائس لاک بھی شامل ہیں۔
یہ آفر صرف ’’السوین‘‘ کیلئے دی جا رہی ہے، اوشن ایکس 7یا کاروان منی وین پر یہ پیشکش میسر نہیں ہے اگرچہ کمپنی کی طرف سے اس آفر کے ختم ہونے کی مدت نہیں بتائی گئی تاہم ممکنہ طور پر یہ ایک محدود مدت کی آفر ہے،کمپنی کی طرف سے اس آفر کا اعلان اپنے آفیشل فیس بک پیج کے ذریعے کیا گیا ہے۔
یہ آفر دیئے جانے کا مقصد السوین گاڑی کی طرف گاہکوں کو متوجہ کرنا ہے، مارکیٹ کی ناگفتہ بہ صورتحال کے پیش نظر یہ گاڑی لوگوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کرانے میں ناکام رہی ہے اس کے علاوہ دیگر کمپنیوں کی گاڑیوں کی فروخت بھی گزشتہ سال کے دوران واضح طور پر کم ہوئی ہے۔
علاوہ ازیں چند دن قبل وفاقی حکومت کی جانب سے 1600 سی سی یا اس سے زائد طاقت کے انجن کی حامل گاڑیوں پر ایڈوانس ٹیکس عائد کردیا گیا تھا،ایڈوانس ٹیکس کی وجہ سےگاڑیوں کی قیمتوں میں بھی بڑا اضافہ کیا گیا ہے،
ٹویوٹا کرولا اٹلس گرینڈ 1800 سی سی میں 3 لاکھ ایڈوانس ٹیکس عائد کیا گیا جس پر قیمت 44 لاکھ 99ہزار سے بڑھ کر 48 لاکھ 59 ہزار ہوچکی ہے،سورینٹو پر 6 لاکھ ایڈوانس ٹیکس لگایا گیا جس پر نئی قیمت 74 لاکھ 99 ہزار،ٹویوٹا فارچیونر پر ایڈوانس ٹیکس 8 لاکھ اور نئی قیمت 1 کروڑ 26 لاکھ 79 ہزار ہوچکی ہے۔
ہنڈائی الینٹرا جی ایل ایس 2000 سی میں 4 لاکھ ایڈوانس ٹیکس کا اضافہ ہونے سے 49 لاکھ 49 ہزار، ہنڈائی ٹکسن 2 ہزار سی سی میں بھی 4 لاکھ ایڈوانس ٹیکس لگایا گیا جس پر قیمت 57 لاکھ 99 ہزار سے بڑھ کر 62 لاکھ 99ہزار پر پہنچ چکی ہے۔
ہنڈائی سوناٹا 2 ہزار سی سی 4 لاکھ ایڈوانس ٹیکس کے بعد 69 لاکھ 99 ہزار،ڈی ایف ایس کے گلوری 3 لاکھ ایڈوانس ٹیکس لگانے پر 51 لاکھ 59 ہزار کی،کِیا اسپورٹیج 2ہزار سی سی4 لاکھ ٹیکس کے بعد 63 لاکھ کی ہو گئی۔