(مانیٹرنگ ڈیسک) آنجہانی بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے خاندان کے 5 افراد ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست بہار کے ضلع لکھی سرائی میں ایک گاڑی مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 5 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے، واقعے منگل کی صبح پیش آیا جب یہ لوگ ہریانہ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس او پی سنگھ کی بہن کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد پٹنہ سے جاموئی واپس آرہے تھے۔
خیال رہے کہ اوپی سنگھ کی اہلیہ آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی بہن ہیں اور ہلاک ہونے والے تمام افراد اداکار کے دور کے رشتے دار تھے، ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں، حادثے میں گاڑی بھی بری طرح تباہ ہوگئی۔
واضح رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کو بظاہر ڈپریشن کے باعث خودکشی کی تھی اور ان کی خودکشی پر بھارتی شوبز انڈسٹری میں بڑے فلم سازوں و اداکاروں پر نئے اداکاروں کو نظر انداز کرکے انہیں خودکشی کے لیے مجبور ہونے جیسے معاملات کا پنڈورا باکس بھی کھلا تھا۔