اکمل سومرو:لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں ایوننگ کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ، سنڈیکیٹ نے ایچ ای سی ضوابط کے مطابق ایوننگ میں ڈگری پروگرامز شروع کرنے کی منظوری دے دی ۔
لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ کا اجلاس وائس چانسلر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کی زیر صدارت ہوا۔ جس کے مطابق یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات ایوننگ ڈگری پروگرامز کا اجراء کر سکتے ہیں۔ لاہور کالج کی اکیڈمک کونسل بھی یہ پروگرام شروع کرنے کی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے۔ سنڈیکیٹ نے یونیورسٹی کے پہلے سکیل سے لیکر چوتھے سکیل تک کے ملازمین کی اپ گریڈیشن کیلئے پنجاب حکومت کا جاری کردہ نوٹیفکیشن بھی اڈاپٹ کر لیا ہے۔ دو ہزار پندرہ سے لے کر دو ہزار سترہ تک کیے گئے سلیکشن بورڈز کی سفارشات کو بھی منظور کر لیا ہے۔ مختلف شعبہ جات میں اساتذہ کی مستقل تقرریوں کی بھی منظوریاں دے دی گئی ہیں۔
لاہور کالج کے انسٹیٹو آف لینگوئج اینڈ کلچر کا نام سابقہ وائس چانسلر ڈاکٹر صبیحہ منصور کے نام پر رکھنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ نام تبدیل کرنے کی سفارش وائس چانسلر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی اور ممبر سنڈیکیٹ جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم خاں کی جانب سے کی گئی تھی۔ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے اساتذہ اور ملازمین کو اب سالانہ ایوارڈز بھی جاری کیے جائیں گے، یونیورسٹی کے ڈائریکٹرز، ڈین، اساتذہ اور ملازمین کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔ لاہور کالج کے ملازمین کا نیا سروس سٹرکچر تشکیل کرنے، سینٹرل ریسرچ لیب کی اپ گریڈیشن کی منظوری بھی سنڈیکیٹ سے حاصل کر لی گئی ہے۔ لاہور کالج نے پنجاب حکومت کے طے کردہ کمپیوٹر الاؤنس، ایچ ای سی فنڈز پراجیکٹس میں ایڈہاک ریلیف کا نفاذ کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔