عامر لیاقت نے بیویوں سے معافی مانگ لی، روتے ہوئے آخری ویڈیو پیغام

عامر لیاقت نے بیویوں سے معافی مانگ لی، روتے ہوئے آخری ویڈیو پیغام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر  لیاقت حسین نے ملک چھوڑنے سے پہلے سوشل میڈیا پر طویل جذباتی ویڈیو  پیغام شیئر کرتے ہوئے   دانیہ اور اپنی سابق بیویوں سمیت پوری قوم سے معافی مانگ لی۔

انسٹاگرام پر عامر لیاقت حسین کی جانب سے 52 منٹ سے زائد کی ویڈیو میں اپنی تینوں بیویوں (سابق اور موجودہ) اور دونوں بچوں سمیت پوری قوم کے لیے ایک پیغام جاری کیا  گیاہے، ویڈیو میں بات کرتے ہوئے عامر لیاقت رو بھی پڑے، کہتے ہیں کہ عمران خان کی مخالفت کرنے کی وجہ سے میرے ساتھ یہ سب کچھ ہوا۔ 

  ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ عامر لیاقت نے ایک طویل کیپشن بھی تحریر کیا ۔انھوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں نے اس حیاتِ شکستہ میں جس جس کا دل دُکھایا ہے جانے سے قبل ان سب سے معافی مانگتا ہوں، مجھے معاف کر دیجیے گا، جس کسی کا مجھ پر قرض ہے وہ قرض اتار دوں گا ان شاء اللہ مرنے سے قبل اور ایک بڑے چینل سمیت جس نے بھی میری رقم ہضم کر لی ہے وہ بس اللہ سے ڈریں اور ڈھیل کو اپنی دعاؤں کی قبولیت نہ سمجھیں۔

عامر لیاقت نے اپنے پیغام میں نوجوانوں کو بھی مخاطب کیا اور لکھا کہ’ نوجوانوں سے ملتمس ہوں کہ کسی کو جاننے یا اس سے ملنے سے پہلے کسی کی سنی سنائی باتوں میں آکر اپنے والدین کی دوڑ دھوپ ، تکلیف سے پالنے ،  حلال کمائی سے آپ کے لیے کمانے اور پھر آپ کی تربیت کرنے کو اپنے عمل سے پراگندا نہ کریں، پاکستان کے لیے جی جائیں اور سیاسی نعروں میں گم ہو کر اپنی فوج کو گالیاں نہ دیں، مذاق کریں لیکن مذاق اڑائیے نہیں، رنگ، نسل، ذات اور شکل و ساخت پر کسی کا بھی مذاق نہ اڑائیے کہ سب احسن تقویم پر پیدا ہوئے۔‘

انھوں نے دانیہ سے متعلق کیے گئے دعوے اور دونوں سابقہ بیویوں پر  وضاحت دیتے ہوئے لکھا ’میں نے جذباتی کیفیت میں اپنی اہلیہ دانیہ کو کچھ بھلا بُرا کہا ہے آپ نہ کہیے گا وہ ابھی چھوٹی ہے اور کوئی اسے گرفتار کرے نا پریشان کیونکہ میں نے تکلیف میں گرفتاری کی بات کہہ دی تھی، اللہ اسے بھی اور  بشریٰ، طوبیٰ ، احمد اور دعا کو سلامت رکھے سرفراز فرمائے۔ بشریٰ اور مزید اپنی تعلیم اور علم میں ستارہ بن کر چمکیں اور طوبیٰ تو ماشاء اللہ ستارہ بن ہی چکی ہیں۔

عامر لیاقت نے اپنے بچوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار  بھی کیا اور کہا کہ دعا اس ملک کی بہترین آرٹسٹ بننے جا رہی ہے اور احمد جیسا ذہین انجینئر پاکستان کو جلد ملنے والا ہے۔

دوسری جانب ان کا کہنا تھا کہ میں انسٹا، ٹوئٹر اور فیس بک پر ہمیشہ فعال اور جیسا ہوں ویسا ہی ملوں گا۔

واضح  رہے کہ عامر لیاقت تیسری اہلیہ دانیہ ملک کی جانب سے تنسیخ نکاح کی درخواست دائر ہونے اور مبینہ ذاتی ویڈیوز لیک ہونے کے بعد گزشتہ روز ہمیشہ کے لیے پاکستان چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔