ویب ڈیسک: تھانہ بھٹائی کی حدود میں مسلح ڈاکوؤں نے بڑی واردات کرتے ہوئے ایک گھر سے 20 تولہ سونا اور نقد رقم لوٹ لی اور موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ واردات تھانہ بھٹائی نگر کی حدود گلستانِ سجاد میں محمد علی نامی شہری کے گھر پیش آئی، جہاں دو مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر خواتین کو یرغمال بنا لیا۔
دورانِ واردات ڈاکوؤں نے گھر میں موجود 20 تولہ سونا اور نقد رقم اپنے قبضے میں لے لی، جس کے بعد وہ فرار ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے اور جلد انہیں گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔