سعودی عرب میں پھنسے زائرین کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع

سعودی عرب میں پھنسے زائرین کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سعید احمد سعید)سعودی عرب میں پھنسےہوئےزائرین کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا،سعودی ایئرلائن کی پرواز ایس وی3734 کے ذریعے 100سےزائد پاکستانی لاہورکیلئے روانہ ہوگئے،پروازآج رات8بجے لاہورایئرپورٹ پر پہنچےگی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہیں رہ جانے والے عمرہ زائرین کی وطن واپسی کا عمل شروع ہوگیا۔سعودی ایئرلائن پاکستان کیلئےخصوصی پروازیں آپریٹ کررہی ہے، سعودی وزارت حج و امورکی جانب سےخصوصی اجازت ملنےکےبعد جدہ ایئرپورٹ پرمختلف ممالک کےپھنسے ہوئےمحصورین کی واپسی کا سلسلہ بھی جاری ہے، جدہ ایئرپورٹ پرمسافروں کی مکمل طبی جانچ پڑتال کی گئی، انہیں مکمل طور پرسینیٹائز کیا گیا۔

شاہی فرمان کے تحت سعودی عرب میں ویزے کی معیاد ختم ہونے والے زائرین کو جرمانے اور قید کی سزاؤں سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہورایئرپورٹ پرانتظامات مکمل کر لیے گئے، بیرون ملک سےآنےوالے مسافروں کی کورونا اسکینگ کے لیےلاہور ایئرپورٹ پرتھرمل کیمرے نصب کردئیےگئےجبکہ سعودی ایئر کی پرواز ایس وی3800مدینہ سےملتان کیلئے آپریٹ کی جائےگی، پرواز کل شام 4ڈیڑھ سو سے زائد مسافروں کو لے کر ملتان پہنچے گی۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5369سے زائد ہوچکی ہے جن میں سے 73 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی عرب میں 15 مارچ سے غیر ملکی پروازوں کی آمدورفت روک دی گئی تھی جب کہ 23 مارچ سے ملک بھر میں  21 روز کے لیے لاک ڈاؤن کیا گیا ہے  اور مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے لیے مزید سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

حفاظتی اقدامات کے تحت تمام مساجد بشمول مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے اندرونی اور بیرونی حصے میں پنجگانہ نماز اور نماز جمعہ کی ادائیگی پر مکمل پابندی عائد کی جاچکی ہے تاہم  اب حرم شریف میں مطاف کے حصے میں طواف کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer