ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کیسے ملے گا؟ حکومت نے طریقہ بتادیا

پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف کیسے ملے گا؟ حکومت نے طریقہ بتادیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:حکومت نے وزیراعظم کی پٹرول ریلیف اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے شہریوں کو رجسٹریشن اور سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ بتا دیا ہے۔ اسکیم کے تحت اہل موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی رعایت دی جائے گی۔

اسلام آباد میں وفاقی وزرا عطا تارڑ اور علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے بتایا کہ ریلیف اسکیم میں 2 ویلر، 3 ویلر اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ 2 اور 3 ویلر گاڑیوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے 30 لیٹر پٹرول پر سبسڈی دی جائے گی۔

شزا فاطمہ کے مطابق اسکیم کا طریقہ کار دو مراحل پر مشتمل ہے۔ پہلے مرحلے میں شہریوں کو رجسٹریشن کرانا ہوگی، جس کے لیے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ موبائل نمبر سے 9771 پر ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا۔ پیغام میں REG، شناختی کارڈ نمبر، صوبے کا پہلا حرف اور موٹر سائیکل یا گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ درج کرنا ہوگی۔ مثال کے طور پر سندھ سے تعلق رکھنے والے شہری صوبے کے لیے S لکھیں گے۔

وزیر آئی ٹی نے بتایا کہ رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد جب شہری پٹرول خریدنے جائیں تو انہیں اپنے رجسٹرڈ موبائل نمبر سے 9771 پر TOK لکھ کر پیغام بھیجنا ہوگا۔ جواب میں موصول ہونے والا ٹوکن متعلقہ پٹرول پمپ پر دکھانے کے بعد سبسڈی حاصل کی جاسکے گی۔

شزا فاطمہ نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اپنا شناختی کارڈ نمبر یا دیگر ذاتی معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ حکومت شہریوں سے نہ اضافی ڈیٹا طلب کرے گی اور نہ ہی اس سہولت کے عوض کسی قسم کے چارجز وصول کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسکیم کے نفاذ کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کا جائزہ لیا جائے گا اور ضرورت کے مطابق نظام میں بہتری لائی جاتی رہے گی۔