سید احمد:پاکستان ریلوے کی کارکردگی سے متعلق اعداد و شمار کے مطابق جون کے دوران مسافر ٹرینوں کی بروقت آمدورفت کی شرح 50 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ ریلوے انفراسٹرکچر اور رولنگ اسٹاک میں خرابی کے باعث متعدد ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں۔
رپورٹ کے مطابق جون میں ملک بھر میں چلنے والی 928 مسافر ٹرینوں میں سے 352 ٹرینیں تاخیر سے اپنی منزل پر پہنچیں، جبکہ مختلف وجوہات کے باعث ٹرین آپریشن کے 1,714 گھنٹے ضائع ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق کنیکٹنگ ریل لنکس کے باعث 449 گھنٹے، ٹریک پر فنی رکاوٹوں کی وجہ سے 309 گھنٹے، انجنوں میں خرابی کے باعث 162 گھنٹے، کوچز کی خرابی سے 147 گھنٹے اور سگنل سسٹم میں خرابی کے باعث 164 گھنٹے آپریشن متاثر رہا۔
حکام کے مطابق ٹریک پر فنی مسائل، انجنوں اور رولنگ اسٹاک کی خرابی، سگنل سسٹم میں نقص، حادثات اور کنیکٹنگ ریل لنکس سمیت دیگر وجوہات ٹرینوں کی تاخیر کا سبب بنیں۔