سکیورٹی گارڈ کا چھریوں کے وار سے قتل

سکیورٹی گارڈ کا چھریوں کے وار سے قتل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( فہد علی ) تھانہ نیو انارکلی کے علاقے میڈیسن مارکیٹ میں محنت کش سکیورٹی گارڈ کو چھریوں کے وار کر کے قتل کردیا گیا، فرانزک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے، لاش پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دی گئی۔

پولیس کے مطابق انھیں اطلاع ملی کے میڈیسن مارکیٹ کے سکیورٹی گارڈ کو قتل کر دیا گیا ہے، جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیا اور تفتیش شروع کر دی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول سکیورٹی گارڈ راوی خان کو بڑی بے دردی سے چھریوں کے وار کر کے قتل کیا گیا ہے۔

ملزمان نے رات گئے میڈیسن مارکیٹ کے اندر گھس کر سکیورٹی گارڈ کو قتل کیا، عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ مارکیٹ کا مین گیٹ کھلا ہوا تھا اور دروازے کے اندر راوی خان کی لاش پڑی تھی۔ میڈیسن مارکیٹ کے تاجروں اور مقتول کے لواحقین کا کہنا تھا کہ راوی خان کی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ قتل کی واردات ڈکیتی یا چوری کیلئے نہیں کی گئی کیونکہ مارکیٹ میں تمام دکانوں کا سامان محفوظ ہے، واقع کی تحقیقات کی جارہی ہیں جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔