رائو دلشاد: پنجاب میں رمضان نگہبان پیکیج کے تحت اے ٹی ایم کارڈز کی ڈلیوری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نگہبان اے ٹی ایم کارڈ کے اجراء پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے مستحق خاندانوں تک مالی امداد باعزت اور آسان طریقے سے پہنچائی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ رمضان نگہبان پیکیج کے تحت 40 لاکھ گھرانوں کو مجموعی طور پر 40 ارب روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی جبکہ ادائیگی کا پورا نظام مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شفاف ہوگا، جسے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے تیار کیا ہے۔ ہر مرحلے پر شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ مستحق افراد کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
انھوں نے مزید کہا کہ عوام کی سہلوت کیلئے نہ لمبی قطاریں ہوں گی اور نہ ہی کسی قسم کی مشقت، بلکہ آسانی کے احساس کے ساتھ مالی امداد مستحقین تک پہنچے گی۔ رمضان نگہبان پیکیج سے متعلق معلومات کے لیے 08000-2345 ہیلپ لائن قائم کر دی گئی ہے جبکہ ہر تحصیل میں 160 خصوصی مراکز بھی فعال کیے گئے ہیں۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ راشن کارڈ کے تحت مالی امداد 3 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کر دی گئی ہے، جبکہ روزانہ لاکھوں روزہ داروں کے لیے افطاری کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ رمضان میں کوئی خاندان خود کو تنہا محسوس نہ کرے، یہی ہمارا مشن ہے، اور رمضان کریم کی برکتیں ہر گھر کی دہلیز تک پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔