راو دلشاد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے درمیان آج سہ پہر ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی، جس میں سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے شہری اور اقتصادی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے حوثیوں کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور برادر سعودی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا وزیراعظم نے کہا کہ حوثیوں کی حالیہ کارروائیاں علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں اور عالمی معیشت اور توانائی کی فراہمی میں مزید خلل کا باعث بن سکتی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے ہمراہ کشیدگی میں کمی لانے اور خطے میں امن کے قیام کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے وزیراعظم نے موجودہ بحران کے دوران دانشمندانہ اور دوراندیش قیادت پر سعودی ولی عہد کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے نیک خواہشات اور دلی احترام کا اظہار بھی کیا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کیلئے پاکستان کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت اور خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور جلد ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔