سٹی42: گھوٹکی ضلع میں دریائے سندھ سے متصل علاقے زیرِ آب آنے کے متعلق ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ لوگوں کو علاقہ خالی کرنے کی وارننگ دے دی گئی ہے۔
پاک نیوی نے گھوٹکی میں دریائے سندھ کے قریب کے علاقوں میں سیلابی پانی کی آمد کے بعد کشتیوں کے ذریعے کچے کے علاقوں میں اعلانات کروانا شروع کیا ہے کہ لوگ فوری طور پر علاقہ چھوڑ دیں۔ نیوی اپنی کشتیوں کے ذریعہ سیلاب کی زد مین آنے والے گاؤں سے عوام کو محفوظ مقامات تک پہنچا رہی ہے۔
لوگوں کو علاقہ چھوڑنے کی مسلسل اپیلوں کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد اب تک سیلاب کی زد میں آ رہے علاقوں میں پھنسی ہوئی ہے۔
گڈو اور سکھر بیراجوں سے سیلاب کے ریلے 24 گھنٹوں میں پہنچیں گے
گھوٹکی ضلع کے ڈپٹی کمشنر نمنظور احمد کنرانی نے خبردار کیا ہے کہ گڈو اور سکھر بیراج سے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پانی میں اضافے کا امکان ہے. کچے کے رہائشی ضروری سامان اور مویشیوں سمیت محفوظ مقامات یا ریلیف کیمپس میں چلے جائیں۔
ضلعی انتظامیہ کےریلیف کیمپوں پر تمام تر ضروری سہولیات موجود ہیں. کیمپوں میں آنے والے تمام متاثرین کو خیمے، مچھردانیاں اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کر رہے ہیں.
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حفاظتی بندوں پر پاک نیوی، ریسکیو 1122 اور روینیو عملہ موجود ہے. منتقل ہونے والے متاثرین کو کشتیاں فراہم کی جارہی ہیں.
ہنگامی صورتحال میں اوباڑو کچے کے رہائشی کنٹرول روم نمبر 0723667187 پر رابطہ کریں.
گھوٹکی کچے کے رہائشی کنٹرول روم نمبر 0723924020 پر رابطہ کریں.
ضلعی کنٹرول روم کے نمبر: 0723661799 پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے.