ویب ڈیسک:نور مقدم قتل کیس کے مقدمے کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیر کو ہونے والی سماعت میں جسٹس عامر فاروق نے مدعی مقدمہ کے وکیل شاہ خاور ایڈووکیٹ کو آج ہی وکالت نامہ داخل کرانے کی ہدایت کی۔ دوران سماعت وکیل شاہ خاور نے کہا کہ 'تھراپی ورکس والوں کی ضمانت منسوخی درخواست بھی ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ عدالت مناسب سمجھے تو اس درخواست کو بھی یکجا کر کے دونوں کی سماعت کرے۔ تاہم جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ 'ضمانت منظور اور منسوخ کرنے کے اصول مختلف ہیں، ہم دونوں درخواستوں کو الگ الگ سنیں گے۔ ملزم ذاکر جعفر کی جانب سے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ اگر شاہ خاور کا پاور آف اٹارنی داخل نہ ہونے کی وجہ سے سماعت ملتوی ہونی ہے تو کل تک ملتوی کریں۔ تاہم عدالت نے شاہ خاور کو وکالت نامہ داخل کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
دوسری جانب مرکزی ملزم ظاہر جعفر کی والدہ عصمت ذاکر کی درخواست ضمانت پر بھی عدالت نے دوبارہ نوٹس جاری کر دیے ہیں۔