راؤ دلشاد : وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈلوجی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پی آئی سی ایمر جنسی بلاک کا دورہ کیا اوراستقبالیہ کاؤنٹر پر صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ مریم نواز شریف نے ایمر جنسی بلاک میں فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔
وزیراعلی مریم نواز نے ایمرجنسی بلاک میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی، انہوں نے ہر مریض کے پاس جا کر تسلی دی اور جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ مریض کی طرف سے ادویات نہ ملنے کی شکایت پر وزیراعلیٰ نے جلد گھروں تک میڈیسن سروس شروع کرنے کا بتایا۔ وزیراعلی مریم نواز نے خواتین کے وارڈ میں سب سے ہاتھ ملایا اور تیمارداروں کی خواہش پر تصاویر بھی بنوائیں۔ مریم نواز نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے علاج کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔
وارڈ میں زیر علاج پشاور کی واجدہ گل وزیراعلی مریم نواز شریف سے بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں، انہوں نے مریم نواز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دل کا علاج کرانے پشاور سے آنا پڑا،یہاں لاہور میں علاج کی سہولتیں اچھی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہسپتال حکام کو واجدہ گل کے علاج کے لئے مزید بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلی مریم نواز نے وارڈ میں نصب اے سی کا پانی زمین پر گرنے کی نشاندہی کی اور صفائی کی ہدایت کی، ساتھ ہی بیڈز پر گندی بیڈ شیٹ دیکھ کر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ بزرگ مریضہ نے وزیراعلیٰ کا ہاتھ پکڑ لیا اور دعائیں دیں، کہا کہ ”کدوں دے ایتھے آئے او“ جس پر مریم نواز شریف نے کہا کہ ہفتہ ہو گیا ہے۔ بزرگ مریضہ کا کہنا تھا کہ ساڈا لیڈر نواز شریف اے، میرا سلام کہنا، جس پر مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے کہنے پر آپ کا حال پوچھنے آئی ہوں۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے ایمرجنسی کاؤنٹر پر نرسز کا مسئلہ سنا اور وزیر صحت کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق،خواجہ عمران نذیر،چیف سیکرٹری،سیکرٹری صحت اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔