(ویب ڈیسک)برطانوی ایئر لائن ورجن اٹلانٹک نے لندن سے لاہور اور اسلام آباد کیلئے اپنی پروازیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔
برطانوی ایئر لائن نے کورونا وبا کے دوران 2020 میں لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے اسلام آباد اور لاہور جبکہ مانچسٹر سے اسلام آباد کیلئے پروازیں شروع کی تھیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق پریس ریلیز میں ورجن اٹلانٹک کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم 2023 میں اپنے فلائنگ پروگرام کو بڑھا رہے ہیں، ہم نے اپنے پورے نیٹ ورک کا جائزہ لیا اور اس میں کچھ تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے، جس کے مطابق لندن سے پاکستان کیلئے پروازیں معطل کی جارہی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے دوران 2020ءسے مسافر پروازوں کی سہولت کے ساتھ ساتھ ایئر لائن نے اہم کارگو اور ضروری طبی سامان بھی فراہم کیا،بین الاقوامی ایئر لائن کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ لینا آسان نہیں تھا، ہم کسی بھی طرح کی تکلیف پر معذرت خواہ ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ہم کھلے دل کے ساتھ پاکستان میں اپنے صارفین، ٹیم، پارٹنرز اور حکام کا گزشتہ دو سال کے دوران سپورٹ پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں،ورجن اٹلانٹک کا کہنا تھا کہ ایئر لائن لندن سے لاہور کیلئے پروازیں یکم مئی تک جبکہ لندن سے اسلام آباد کیلئے پروازیں 9 جولائی تک جاری رکھے گی۔