ویب ڈیسک:بھارتی ریاست کرناٹک کی پانچ سالہ بچی میں مچھروں کے کاٹنے کے باعث زیکا وائرس کی تصدیق ہوگئی، اس سے قبل کیرالہ، مہاراشٹرا اور اتر پردیش میں بھی زیکا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ضلع رائچور میں زیکا وائرس پھیلنے لگا ہے، تاہم وزیر صحت سدھاکر کا کہنا ہے کہ تشویش کی کوئی بات نہیں ہے، حکومت تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وزیر صحت جلد ضروری ہدایات جاری کرے گی۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پونے کی ایک لیبارٹری رپورٹ کے مطابق ایک پانچ سالہ بچی میں زیکا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ جانچ کے لیے بھیجے گئے دیگر 2 کیس منفی تھے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مذکورہ بچی کی ٹریول ہسٹری نہیں تھی۔
انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی ہے کہ چند ماہ قبل کیرالہ، مہاراشٹرا اور اتر پردیش میں زیکا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے احتیاطی تدابیر اختیار کر تے ہوئے رائچور اور اس سے ملحقہ علاقوں کے اسپتالوں میں ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں کہ کسی بھی مشتبہ کیس کی صورت میں خون کے نمونے فوری زیکا وائرس کی جانچ کے لیے پونے بھیجے جائیں۔
واضح رہے کہ زیکا وائرس متاثرہ ایڈیس مچھر کے کاٹنے سے پھیلتا ہے، جو ڈینگی اور چکن گونیا جیسے انفیکشن کو منتقل کرنے کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔ اس وائرس کی شناخت پہلی بار یوگنڈا میں 1947 میں ہوئی تھی۔