ویب ڈیسک: بلڈ پریشر کو معمول پر رکھنے کے لیے عموماً واک، جاگنگ اور مختلف جسمانی سرگرمیوں کی تجویز دی جاتی ہے، تاہم ماہرین کے مطابق ایک انتہائی سادہ ورزش بھی اس حوالے سے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ صرف ایک منٹ تک پلینک کرنے کی عادت وقت کے ساتھ بلڈ پریشر کو بہتر رکھنے میں معاون ہوسکتی ہے۔ اس ورزش کی خاص بات یہ ہے کہ اسے انجام دینے کے لیے کسی مشین یا اضافی سامان کی ضرورت نہیں پڑتی اور گھر پر بھی باآسانی کی جاسکتی ہے۔
پلینک کے دوران جسم کو ایک مخصوص پوزیشن میں مستحکم رکھا جاتا ہے، جس سے پیٹ، کندھوں، کمر اور کولہوں کے پٹھوں پر بیک وقت دباؤ پڑتا ہے۔ اس نوعیت کی ورزش کو آئسومیٹرک ایکسرسائز کہا جاتا ہے، جس میں پٹھے تناؤ میں رہتے ہیں لیکن جسم میں نمایاں حرکت نہیں ہوتی۔
طبی تحقیق کے مطابق آئسومیٹرک ورزشیں بلڈ پریشر کم کرنے کے حوالے سے بعض روایتی جسمانی سرگرمیوں، جن میں واک اور دوڑ شامل ہیں، کے مقابلے میں مؤثر ثابت ہوسکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق ورزش کے دوران پٹھوں میں پیدا ہونے والا تناؤ جب ختم ہوتا ہے اور وہ دوبارہ پرسکون حالت میں آتے ہیں تو خون کی نالیوں کے نظام پر مثبت اثر پڑتا ہے، جس کے نتیجے میں باقاعدگی سے ورزش کرنے کی صورت میں آرام کی حالت میں بلڈ پریشر کم ہونے میں مدد مل سکتی ہے۔