عابد چودھری:لاہور میں پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پتنگ ڈیلر ماہد کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او ہربنس پورہ محسن شہزاد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو رنگے ہاتھوں پتنگوں اور ڈور سمیت گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم ماہد پتنگوں کی سپلائی میں ملوث تھا اور اس کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 120 پتنگیں اور کیمیکل ڈور برآمد کی گئی۔
ایس پی کینٹ کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش آن لائن پتنگیں اور ڈور منگوا کر مختلف علاقوں میں سپلائی دینے کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا، جبکہ ایس پی کینٹ نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او ہربنس پورہ محسن شہزاد اور ان کی ٹیم کیلئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔