(مانیٹرنگ ڈیسک)صوبائی دارالحکومت کے علاقے بھاٹی گیٹ میں واقع مکان میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 بچے، 3 خواتین اور ایک مرد شامل ہیں،ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ آگ شارٹ سرکٹ سے لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے آگ پر قابو پالیا ہے، عمارت میں ممکنہ طور پرموجود افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے،تمام لاشوں کو نکال کر مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے۔
افسوسناک واقعہ میں ز ندہ بچ جانے والے زوہیب نےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں نے بتایا کہ گھر میں کچھ جلنے کی بو آ رہی ہے،گھر میں دھواں بھرنے پر بچوں،فیملی کے دیگر افراد کو کمرے میں بند کیا،جب سٹور کا دروازہ کھولا تو گھر مکمل طور پر دھواں سے بھر گیا تھا،میں جلدی سے باہر گلی میں کودا،محلے داروں کو جگایا ،آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا تھا،آگ کیسے لگی کچھ سمجھ ہی نہیں آئی،ذوہیب کے چچا کا کہنا تھا کہ گھر کرایہ کا تھا اسے خالی کر کے نشتر منتقل ہونا تھا، میرا بھائی ظہیر الدین بابر نشتر گیا ہوا تھا، اس لئے بچ گیا۔
علاوہ ازیں پولیس اور فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کر کے گھر کو سیل کر دیا،پولیس کا کہنا ہے کہ آگ کیسے لگی،وجوہات معلوم نہ ہوسکیں،جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں مردہ خانے منتقل کردی گئیں۔
دوسری جانب آتشزدگی سے ایک ہی خاندان کے 10افراد جاں بحق ہونے کے واقعہ پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے افسوسناک و گہرے دکھ اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
محسن نقوی نے افسوسناک واقعہ بارے کمشنر لاہورسے رپورٹ طلب کر لی،نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے آتشزدگی کے واقعہ کی جامع تحقیقات کا حکم دیدیا۔