ویب ڈیسک:نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری دفاتر کے اوقات کار میں تبدیلی کرتے ہوئے ہفتے میں 2 سرکاری تعطیلات بھی ختم کر دیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری مصروفیات کا آغاز کر دیا، وزیراعظم شہباز شریف کی وزیراعظم آفس کے افسران اور عملے سے ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف سے عملے کا تعارف کرایا گیا۔ اس موقع پر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کمر ہمت کس لیں، عوام کی خدمت کے لئے آئے ہیں، ایک لمحہ مزید ضائع نہیں کرنا، ایمان داری، شفافیت، مستعدی، انتھک محنت ہمارے راہنما اصول ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری دفاتر کے اوقات کار میں تبدیلی کردی جس کے بعد سرکاری دفاتر10 بجے کے بجائے صبح 8 بجے کام شروع کریں گے۔شہباز شریف نے ہفتے میں دو سرکاری تعطیلات بھی ختم کردیں ، جس کے تحت سرکاری دفاتر میں اب ہفتے میں صرف ایک تعطیل ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان بازاروں کی سخت مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کروں گا۔
شہباز شریف نے پینشنرز کی پینشن میں اضافے، کم از اکم اجرت 25 ہزار کرنے کے اعلانات پر فی الفور عمل درآمد کا حکم بھی جاری کر دیا۔
واضح رہےکہ نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران یکم اپریل سے کم سے کم ماہانہ اجرت25 ہزار روپے اور تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا۔