اویس کیانی: وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں سیاسی و انتظامی امور اور نئے گورنر کی تقرری کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، جبکہ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ بھی کمیٹی کے ارکان ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی گورنر کے عہدے کے لیے امیدواروں کے ناموں کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات پارٹی قیادت کو پیش کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) نے عندیہ دیا ہے کہ گورنر کے لیے بلتستان سے تعلق رکھنے والی شخصیت کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ پارٹی قائد نواز شریف نے وفادار اور دیرینہ کارکن کو آگے لانے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا اہم اجلاس بھی جلد متوقع ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر امیر مقام نے گلگت بلتستان کے پارٹی رہنماؤں سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔ مشاورت میں گلگت بلتستان کی ترقی، عوامی فلاح اور آئندہ سیاسی حکمت عملی بھی زیر غور ہے۔