ظفر ڈوگر: مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 96 جڑانوالہ کے ٹکٹ کا فیصلہ کر دیا۔ اس حلقہ میں ٹکٹ کے فیصلہ کا مسلم لیگ نون کے کارکنوں کو کئی روز سے انتظار تھا۔
مسلم لیگ نون نے این اے 96 جڑانوالہ میں ٹکٹ نواب شیر وسیر کو دے دیا۔ مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کا پاناما کیس میں دفاع کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے نا اہل قرار پانے والے کارکن طلال چوہدری کو کارکنوں کے پرزور مطالبات کے باوجود ٹکٹ نہیں دیا گیا۔ این اے 96 میں شیر کا ٹکٹ نواب شیر وسیر کو مل گیا
مسلم لیگ نون کے آج اعان کے مطابق نواب شیر وسیر مسلم لیگ ن کی طرف سے این اے 97 میں امیدوار ہوں گے ۔
لاہور میں طویل مشاورت کے بعد قیادت نے فیصلہ نواب شیر وسیر کے حق میں کردیا ۔ این اے 96 جڑانوالہ میں شامل صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی پی 100 اور پی پی 101 کے فیصلے نوازشریف خود کریں گے۔
این اے 96 میں ٹکٹ سے محروم کئے گئے حوالہ سے مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کی 27 جنوری 2018 کے جڑانوالہ جلسہ کی ایک ویڈیو کلپ آج سوشل میڈیا میں وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو کلپ میں نواز شریف نے اپنی جذباتی تقریر کے دوران طلال چوہدری کا ہاتھ پکڑ کر کہا تھا کہ آج اس شخص کے خلاف بھی کنٹیمپٹ لگ گئی ہے۔ اس کو بھی دو دن کے بعد عدالت نے بلایا ہے، آپ اس شخص کو جانتے ہو کہ نہیں، اب اس کی بھی باری آ گئی ہے۔ دانیال عزیز کہا ں ہو، اس کو بھی کورٹ نے بلا لیا ہے، بھائی خدا کا خوف کریں، اس کے بعد نواز شریف نے دانیال عزیز کا بھی ہاتھ پکڑ کر حاضرین کے سامنے پیش کیا اور کہا کہ اس کے خلاف بھی کنٹیمپٹ لگ گئی ہے۔ نواز شریف نے جلسہ کے حاضرین سے پوچھا کہ کیا آپ کو یہ منظور ہے، حاضرین نے نہیں میں جواب دیا تو نواز شریف نے کہا کہ عوامی عدالت میں فیصلہ طلال اور دانیال کے حق میں آ گیا ہے۔ اب مسلم لیگ نون کے کارکن حیران ہیں کہ مسلم لیگ نون نے ان دونوں رہنماؤں کو الیکشن 2024 کے لئے ٹکٹ نہیں دیئے۔
اس جلسہ میں مسلم لیگ نون کی چیف آرگنائزر اور سینئیر نائن صدر مریم نواز نے کہا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے بعدسب سے بڑی عدالت عوام کی ہوتی ہے، جڑانوالہ نے پاکستان اور نوازشریف کے ہاتھ مضبوط کیے۔میں جڑانوالہ کے عوام کو سلام پیش کرتی ہوں جنہوں نے مسلم لیگ ن کو طلال چوہدری جیسا وفادار دیا۔
نواب شیر وسیر کو ٹکٹ پرانی ڈیل کے نتیجہ میں ملا
طلال چوہدری کو نظر انداز کر کے مسلم لیگ نون نے پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے ملک نواب شیر وسیر کو ٹکٹ دیا ہے۔ اس حوالے سے مارچ 2022 میں بعض زرائع کے حوالے سے خبریں آئی تھیں کہ نواب شیر وسیر نے تحریک انصاف کے سابق وزیراعظم عمران خان کو تحریک عدم اعتماد میں ووٹ نہ دینے کے عوض نواز شریف کے ساتھ ڈیل کی تھی اس ڈیل کے مطابق آئندہ انتخابات مین مسلم لیگ نون کا ٹکٹ نواب شیر وسیر کو دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ اب یہ وعدہ پورا کر دیا گیا۔ نواب شیر وسیر کی میاں نواز شریف کے ساتھ مبینہ ڈیل میں مسلم لیگ نون کے پنجاب کے صدر اور فیصل آباد کے سرکردہ رہنما رانا ثنا اللہ نے اہم کردار ادا کیا تھا۔