عابد چودھری: لاہور سمیت پنجاب بھر میں آئے روز جرائم میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، شہریوں کا گھر سے نکلنا مشکل ہوگیا ہے، راہ چلتے افراد کو سرعام فائرنگ کرکے قتل کردیا جاتا ہے۔
کاہنہ پولیس اسٹیشن کے قریب کار سواروں پر فائرنگ کردی گئی، فائرنگ کے باعث میاں بیوی جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ ریسکیو نے زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا۔ مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہیں۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سلامت علی اور زبیدہ سلامت کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کاہنہ پولیس اسٹیشن اور سی آئی اے سینٹر کے سامنے قتل کر کے فرار ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کو دیرینہ دشمنی پر قتل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان اور سی سی پی او لاہور نے کاہنہ کے علاقہ میں فائرنگ سے میاں بیوی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز کو ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ آئی جی کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش کے لیے لاہور اور قصور پولیس پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دیں۔ ملزموں کو گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔
ادھر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لاکر مزید کارروائی کی جائے، جاں بحق افراد کے لواحقین کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے۔