ویب ڈیسک: عظیم صوفی بزرگ شاہ عنایت شہید کے عرس مبارک کے موقع پر ضلع سجاول کی انتظامیہ نے کل 12 اگست بروز منگل کو ضلع بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
ضلع کے ڈپٹی کمشنر زاہد حسین کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق عرس کی مناسبت سے تمام سرکاری اور نیم سرکاری ادارے، اسکولز، کالجز اور بلدیاتی دفاتر بند رہیں گے۔
عرس مبارک کی تقریبات کا باضابطہ افتتاح صوبائی وزیر زکوٰۃ، عشر، اوقاف و مذہبی امور سید ریاض حسین شاہ شیرازی کریں گے۔ اس موقع پر مختلف روحانی، مذہبی و ثقافتی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا جن میں زائرین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
یاد رہے کہ صوفی شاہ عنایت شہید سندھ کے معروف صوفی شاعر، درویش اور عوامی حقوق کے علمبردار مانے جاتے تھے۔ ان کا پیغام محبت، اخوت اور سماجی انصاف پر مبنی تھا، جو آج بھی اہلِ سندھ کے دلوں میں زندہ ہے۔