ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی میں اسٹریٹ کرائم بے قابو، 3 ماہ میں 15 ہزار سے زائد وارداتیں رپورٹ

کراچی میں اسٹریٹ کرائم بے قابو، 3 ماہ میں 15 ہزار سے زائد وارداتیں رپورٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

معراج اختر : کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا، سی پی ایل سی نے گزشتہ تین ماہ کے دوران شہر کے مختلف اضلاع میں ہونے والی وارداتوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔

سی پی ایل سی کے اعداد و شمار کے مطابق جون، جولائی اور اگست میں کراچی بھر میں 15 ہزار 54 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ 4 ہزار 426 وارداتوں کے ساتھ سرفہرست رہا۔

اعداد و شمار کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 2 ہزار 477 وارداتیں رپورٹ ہوئیں اور وہ دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ ضلع کورنگی میں 2 ہزار 319 وارداتوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

سی پی ایل سی کے مطابق ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 2 ہزار 228، ڈسٹرکٹ ملیر میں ایک ہزار 156، کیماڑی میں ایک ہزار 22 اور ڈسٹرکٹ ویسٹ میں ایک ہزار 426 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق جون، جولائی اور اگست کے تین ماہ کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں سے 36 گاڑیاں اسلحے کے زور پر چھینی گئیں، جبکہ 335 گاڑیاں چوری ہوئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق مسلح ملزمان نے 3 ماہ کے دوران ایک ہزار 368 شہریوں سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکلیں چھینیں، جبکہ 7 ہزار 742 موٹر سائیکلیں چوری کی گئیں۔

سی پی ایل سی رپورٹ کے مطابق تین ماہ کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں مسلح ملزمان نے شہریوں سے 5 ہزار 419 موبائل فونز چھین لیے، جبکہ 90 روز کے دوران بھتہ خوری کے 30 کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔