ویب ڈیسک:میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد نے شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی جدید اور آسان بنانے کیلئے اہم اقدام اٹھا لیا ہے، جس کے تحت مختلف میونسپل خدمات اب پاک ایپ کے ذریعے آن لائن دستیاب ہوں گی۔
نئی سہولت کے تحت شہری میونسپل سروسز کے حصول کیلئے گھر بیٹھے آن لائن درخواستیں جمع کرا سکیں گے جبکہ متعلقہ دستاویزات بھی ڈیجیٹل طریقے سے جمع کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ شہری اپنی درخواستوں کی پیش رفت بھی پاک ایپ کے ذریعے آن لائن ٹریک کرسکیں گے۔
میونسپل سروسز کی فیس اور دیگر ادائیگیاں بھی ڈیجیٹل طریقے سے کرنے کی سہولت دستیاب ہوگی۔ اشتہارات اور اوپن اسپیس پرمٹس سمیت مختلف میونسپل سروسز کو پاک ایپ پر منتقل کردیا گیا ہے۔
اسی طرح پارکنگ پرمٹس اور جنریٹر لائسنس کے حصول کیلئے بھی ڈیجیٹل سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس اقدام کے بعد شہریوں کو مختلف میونسپل معاملات کیلئے سرکاری دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔