عثمان خان: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسران مقرر کردیے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق چاروں صوبوں سے سینیٹ کی سات، 7 جنرل نشستوں 2، 2 خواتین اور 2، 2 ٹیکنوکریٹ نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔ اس کے علاوہ پنجاب اور سندھ سے 1، 1 اقلیتی نشست پر بھی انتخاب ہوگا جبکہ اسلام آباد کی 1 جنرل اور 1 ٹیکنوکریٹ نشست پر انتخاب ہوگا۔
الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ چاروں صوبوں میں سینیٹ انتخابات کیلئے متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر ریٹرننگ افسران مقرر کیے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد کیلئے ڈی جی ٹریننگ الیکشن کمیشن ریٹرننگ افسر کو مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات اپریل کے پہلے ہفتے میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انتخابات کیلئے پولنگ تین اپریل کو قومی و چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔