(عرفان ملک)کچھ عرصے سے لڑکیوں کو ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے،ایسے واقعات میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے،تبھی اس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
گھر سے جیسے ہی لڑکی یا خاتون کسی بھی کام کی غرض سے باہر نکلتی ہے اسے باہر کی دنیا میں انوکھا ہی سما ں ملتا ہے۔ چاہے وہ دفتری حدود ہوں یا راستہ، راستے میں لڑکی کو دیکھ کر آوازے کسنا معمول بن گیا ہے،ایسا ہی واقعہ شیرا کوٹ کے علاقے میں پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق شیرا کوٹ میں ڈولفن سکواڈ نے 15 سالہ لڑکی کو ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم15 سالہ لڑکی کو زبردستی اپنے ساتھ لے جا رہا تھا۔ ڈولفن ٹیم کو 15کی کال موصول ہوئی اوباش نوجوان لڑکی سے دست درازی کر رہا ہے جس پر ڈولفن سکواڈ نے فوری ریسپانس کرتے ہوئے شیرا کوٹ سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ڈولفن ٹیم نے اوباش ملزم وقار کو تھانہ شیرا کوٹ کے حوالے کر دیا۔ ایس پی ڈولفن کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کی تفتیش شروع کردی ہے۔