(عرفان ملک)لاہور پولیس نے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے، 10 ہزار اہلکار فرائض انجام دیں گے،پاک فوج اور رینجرز کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے،نو اور دس محرم کو ڈبل سواری پر پابندی،مرکزی جلوسوں کے راستوں پر موبائل فون سروس معطل رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں محرم الحرام کی مجالس کا آغاز ہو گیا ہے،دس محرم تک مجموعی طور پر 5235 مجالس کا انعقاد ہونے کا امکان ہےاور 650 جلوس نکالے جائیں گے، لاہور پولیس کی جانب سے سیکورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی پر دس ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔
پولیس کے مطابق عزادار تین درجاتی سکیورٹی حصار سے گزرنے کے بعد جلوسوں اور مجالس میں شریک ہو سکیں گے، پاک فوج اور رینجرز کو الرٹ رکھا گیا ہے ،نو اور دس محرم کو ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہوگی، مرکزی جلوسوں کے راستوں پر موبائل سروس مخصوص اوقات میں معطل رہے گی۔
دوسری جانب محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے محرم الحرام کے انتظامات کی صورت حال کی چانچ کے لئے تمام متعلقہ چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو ہدایات جاری کردی، جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے داخلی راستوں پر تعینات ہوں گی۔
سیکرٹری صحت سارہ اسلم نے محرم الحرام میں تمام شرکاء خصوصاً عزاداروں کی سہولت کے لئے موبائل ویکسی نیشن کے انتظامات کا ازخود تفصیلی جائزہ لیا،سیکرٹری ہیلتھ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئےمحکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ہمیشہ اپنے شہریوں کی صحت کے لیے بہترین اقدامات کرتا رہے گا۔
تمام سنٹرز پر ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے لہذا مجالس اور جلوسوں کے شرکاء سے اپیل ہے کہ اجتماعات میں شرکت سے پہلے 18 سال سے زائد عمر کے تمام شہری کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین جلد از جلد لازمی مکمل کروائیں کیونکہ ویکسین لگوا کر آپ اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیاں محفوظ بنا سکتے ہیں ۔
اس کے علاوہ انہوں نے عوام سے یہ بھی کہا کہ محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کے شرکاء و عزادار کورونا کے ایس او پیز پر لازماً عمل کریں، تمام شرکاء اور عزاداران کورونا کے خلاف خصوصی حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں، بلاضرورت گھر سے باہر نکلنے اور پر ہجوم اجتماعات سے مکمل اجتناب کریں، اجتماعات اور جلوسوں میں سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور ماسک کا استعمال لازمی کریں۔