(شاہد سپرا) لیسکو کے 32 ہزار صارفین کے سنگل اور تھری فیز میٹرز خراب ہو گئے۔ کمپنی نے تبدیل کرنے کی بجائے صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اوسط بل کیساتھ ساتھ قوانین کے برعکس ڈی ٹیکشن بل بھی بھجوا دیئے۔لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے میٹر تبدیل کرنے کی بجائے ڈیفیکٹو کوڈ لگا دیا۔ کمپنی کے 30 ہزار سنگل فیز جبکہ دو ہزار سے زائد تھری فیز میٹرز خراب ہیں۔ میٹرز کو تبدیل کرنے کی بجائے صارفین کو اوسط بل بھجوانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
اس کے علاوہ اوسط بل کیساتھ ساتھ خلاف ضابطہ ڈی ٹیکشن بل بھی چارج ہونے لگا ہے۔ خراب میٹرز کے حامل صارفین دوہرے بل جمع کرانے پر مجبور ہیں۔ لیسکو ذرائع نے مزید بتایا کہ خراب میٹرز کو تبدیل کرنے کی ذمہ داری کمپنی کی ہوتی ہے۔