کامیڈی کنگ امان اﷲ خان کو بھارتی فنکاروں کا خراج عقیدت

کامیڈی کنگ امان اﷲ خان کو بھارتی فنکاروں کا خراج عقیدت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(زین مدنی )معروف کامیڈین و اداکار امان اللہ کی وفات سے ناصرف پاکستان میں بلکہ سرحد پار بھارتی مداح بھی اپنے غم کا اظہار کرر ہے ہیں۔

معروف بھارتی کامیڈین اور اداکار کپِل شرما، جونی لیور‘ رضا مراد‘ موسیقار و گلوکار دلیر مہندی نے امان اللہ کی وفات پر اپنے سوشل میڈیا پیغامات میں گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔ نامور بھارتی اداکار جونی لیور کا کہنا ہے امان اللہ بہت بڑے فنکار تھے، ان کا انتقال ایک سانحہ ہے وہ مایوس چہروں پر بھی خوشیاں بکھیرنے کا ہنر جانتے تھے۔ بھارتی اداکار رضا مراد نے امان اللہ کی وفات کو سانحہ قرار دیا۔ اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ امان اللہ بہت بڑے فنکار تھے، ان کے جانے سے کرڑوں مداح غمگین اور سوگوار ہوگئے، بے شک زندگی اللہ تعالی کی امانت ہے، مایوس چہرے بھی امان اللہ کو دیکھ کے مسکرا اٹھتے تھے آج وہ ہمیں روتا ہوا چھوڑ گئے۔

دلیر مہندی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کامیڈی کنگ امان اللہ خان کی وفات کی خبر نے انہیں غمزدہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم زندہ ہیں امان اللہ کی یادیں ہمارے ساتھ ہوں گی۔ چندن پربھارکر نے ہیش ٹیگ امان اللہ خان کا استعمال کرتے ہوئے ہندی میں پیغام جاری کیا۔ انہوں نے اپنے انتہائی مختصر مگر پر اثر پیغام میں لکھا کہ جو لوگ تمام عمر آپ کو ہنساتے ہیں ایک دن روتا ہوا چھوڑ جاتے ہیں۔ چندن پربھارکر کے ٹوئٹ کو معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما نے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے امان اللہ کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں ایک بہترین فنکار قرار دیا۔ کپل شرما نے یہ بھی لکھا کہ بلاشبہ امان اللہ صاحب ایک لیجنڈ شخصیت تھے جنہوں نے بہت سے فنکاروں کو مواقع بھی فراہم کیے اور انہیں اپنے خواب پورے کرنے پر اکسایا۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ دنیا میں امان اللہ صاحب کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔

Malik Sultan Awan

Content Writer