سٹی 42:پاکستان کی ٹی وی انڈسٹری کا ایک ایسا نام جس نے مذہبی پروگراموں، رمضان ٹرانسمیشنز اور اپنے منفرد اندازِ میزبانی سے لاکھوں ناظرین کے دل جیتے، عامر لیاقت حسین کی چوتھی برسی آج منائی جا رہی ہے۔
"وہ آئے، وہ چھائے اور وہ چلے گئے" کے مصداق عامر لیاقت حسین نے میڈیا، مذہبی پروگراموں اور سیاست کے میدان میں اپنی منفرد شناخت قائم کی۔ وہ 5 جولائی 1972 کو کراچی میں پیدا ہوئے اور اپنے کیریئر کا آغاز بطور نیوز کاسٹر کیا۔
بعد ازاں انہوں نے مذہبی پروگرام "عالم آن لائن" کی میزبانی کی، تاہم انہیں اصل شہرت رمضان ٹرانسمیشنز سے حاصل ہوئی۔ ان کے منفرد اندازِ گفتگو، حاضر جوابی اور نعت خوانی نے انہیں ملک بھر میں مقبولیت دلائی۔
عامر لیاقت حسین نہ صرف میڈیا کی معروف شخصیت تھے بلکہ سیاست میں بھی متحرک رہے اور رکنِ پارلیمنٹ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ اپنے پروگراموں اور منفرد طرزِ بیان کی بدولت عام و خاص میں یکساں مقبول رہے۔
9 جون 2022 کو ان کا اچانک انتقال ہوگیا، جس کی خبر نے مداحوں، ساتھی فنکاروں اور سیاسی حلقوں کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا۔
عامر لیاقت حسین کو پاکستان میں رمضان نشریات کو نئی جہت دینے والی شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے، اور ان کا نام آج بھی ٹی وی انڈسٹری کی نمایاں شخصیات میں لیا جاتا ہے۔