عمران اسلم:پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے فیصل آباد میٹرو بس منصوبے کے روٹس اور اسٹیشنز کو حتمی شکل دے کر کمشنر فیصل آباد کو منظوری کے لیے مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق ماس ٹرانزٹ سسٹم میں 21 اسٹیشن بنیں گے ،نیسپاک کنسلٹنٹ نے ترتیب دی دیئے ہیں،جبکہ میٹرو بس سروس طاہر پورہ (نزد ایئرپورٹ) جھنگ روڈ سے شروع ہوگی۔
روٹ پر طاہر پورہ، ایئرپورٹ چوک، ایئر ایونیو، منصور ملنگی روڈ، جی سی نیو کیمپس، سیف آباد موڑ، گلفشاں کالونی، ایوب کالونی، پرتاب نگر، جی سی یو مین کیمپس، راجباہ روڈ، منٹگمری بازار، ریل بازار، ریلوے اسٹیشن، عبداللہ پور، ڈی گراؤنڈ، النجف کالونی، کہکشاں کالونی، عثمان آباد، بخاری اور فیصل آباد ٹاؤن سمیت مختلف مقامات پر میٹرو اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔
منصوبے کے تحت فیصل ٹاؤن (جڑانوالہ روڈ) سے طاہر پورہ (جھنگ روڈ) تک 20.3 کلومیٹر طویل اورنج لائن پر 27 میٹرو بسیں اور 2 ٹرامیں چلائی جائیں گی۔
حکام کے مطابق میٹرو بس منصوبے پر 79 ارب روپے لاگت آئے گی، جبکہ منصوبے میں 2 ڈپو اور 7 یوٹرنز بھی شامل ہوں گے۔
پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق فیصل آباد میں جھنگ روڈ اور جڑانوالہ روڈ کے ماس ٹرانزٹ کوریڈورز کو بالترتیب ریڈ اور اورنج روٹس کا نام دیا گیا ہے۔