(رضوان نقوی ) ایف بی آر نے ماڈل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، ایم ایم عالم روڈ، لبرٹی مارکیٹ، مین بلیوارڈ سمیت گلبرگ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں زیورات کی خرید و فروخت کرنے والے جیولرز کی آمدن کا سراغ لگانے کیلئے خفیہ سروے شروع کر دیا۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق گلبرگ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں کاروبار کرنے والے جیولرز کی آمدن کا سراغ لگانے کیلئے خفیہ سروے شروع کر دیا گیا ہے۔ ایف بی آر کے اعداد و شمار کے مطابق ماڈل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، ایم ایم عالم روڈ، لبرٹی مارکیٹ، مین بلیوارڈ سمیت گلبرگ ٹاؤن کی چھوٹی بڑی تمام مارکیٹوں میں مجموعی طور پر تین سو سے زائد جیولرز کاروبار کر رہے ہیں۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق جیولرز بنک ٹرانزیکشن کی بجائے پرچی پر کاروبار کرتے ہیں جس کی وجہ سے ایف بی آر کو جیولرز کے کاروباری حجم کا سراغ لگانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ایف بی آر نے ابتدائی طور پر گلبرگ ٹاؤن کے جیولرز کی لسٹیں مرتب کرلی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ جیولرز کے اثاثہ جات کی تفصیلات اکٹھی کرنے کیلئے بھی محکمہ ایکسائز، ایل ڈی اے، بورڈ آف ریونیو سمیت مختلف ذرائع سے ریکارڈ مرتب کرنے کے بعد انکم ٹیکس گوشواروں میں ظاہر کی گئی، آمدن سے موازنہ کیا جائے گا۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق گلبرگ ٹاؤن میں کاروبار کرنے والے جیولرز کے خفیہ سروے سے سالانہ محصولات میں کروڑوں روپے کا اضافہ ہوگا۔
مزید جاننے کیلئے ویڈیو دیکھیں