ویب ڈیسک : بھارت کی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے معروف گلوکارسونو نگم نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ موسیقی ان کیلئےصرف پیشہ نہیں بلکہ زندگی کا ایک اہم حصہ ہے۔اور اس بات کو سچ ثابت کرتے ہوئے انہوں نے سرجری کے دوران تکلیف کے باوجود آپریشن تھیٹر میں موجود ڈاکٹروں اور میڈیکل اسٹاف کے لیے گانا گایا۔ سونو نگم نے اس خاص لمحے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق معروف بالی ووڈ گلوکارسونو نگم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر آپریشن تھیٹر کی ایک ویڈیو شیئر کیا۔ ویڈیو میں وہ سرجری کے دوران طبی عملے کے سامنے محمد رفیع کا مقبول گانا ’’سہانی رات ڈھل چکی، نہ جانے تم کب آؤ گے‘‘ گاتے ہوئے نظر آئے۔ یہ گانا1949 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’دلار ی‘‘ کا ہے۔ ویڈیو کے ساتھ سونو نگم نے لکھا کہ یہ ڈاکٹر نلیش ستبھائی اور ان کی ٹیم کیلئے سرجری کے دوران اچانک دی گئی ایک مختصر پرفارمنس تھی۔ انہوں نے کہا کہ درد کے درمیان بھی گانا گانا ان کے لئے موسیقی کی خوشی کا اظہار ہے۔سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آنے کے بعد مداحوں نے سونو نگم کی صحت کے بارے میں تشویش ظاہر کی اور ان کے جلد مکمل طور پر صحت یاب ہونے کی دعا کی۔ کئی مداحوں نے ان کے حوصلے اور مثبت انداز کی بھی تعریف کی۔تاہم، سونو نگم نے ویڈیو میں یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں کس بیماری یا طبی مسئلے کے باعث سرجری کروانی پڑی۔
بالی ووڈ گلوکارسونو نگم نےاس سے قبل جون میں سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی صحت کے بارے میں اہم معلومات شیئر کی تھیں۔ انہوں نے بتایا تھا کہ وہ کچھ عرصے سے اعصاب سے متعلق ایک تکلیف دہ مسئلے سے پریشان تھے۔ اس دوران ان کے کئی ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین کیے گئے اور انہیں کئی دن تک ادویات بھی لینا پڑی تھیں۔سونو نے ایک ویڈیو میں بتایا تھا کہ ان کے اعصاب پر دباؤ پڑ رہا تھا اور تقریباً ایک ہفتے سے مختلف طبی ٹیسٹ جاری تھے۔ انہوں نے اس دوران شدید تکلیف کا بھی ذکر کیا تھا۔گلوکار نے اپنے گلے سے متعلق پریشانی کے بارے میں بھی بتایا تھا۔ ان کے مطابق علاج کے دوران فزیوتھراپی کافی تکلیف دہ رہی اور درد کم کرنے کے لیے انہیں پین کلرز کا استعمال کرنا پڑا، جس کے باعث ادویات کے اثر سے ان کا گلا بھی کچھ بھاری محسوس ہو رہا تھا۔سرجری کے باوجود سونو نگم کا ڈاکٹرز کے لیے گانا گانا ان کے موسیقی سے گہرے تعلق اور مشکل وقت میں بھی مثبت رہنے کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے۔ مداح اب ان کی مکمل اور جلد صحت یابی کی دعا کر رہے ہیں۔
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: Instagram
Stay tuned with 24 News HD Android App