ویب ڈیسک : تھانہ سہالہ پولیس نے سرنگ کھود کر ڈیزل چوری کرنے والا گروہ دھر لیا۔
سرنگ کھود کر آئل پائپ لائن سے ڈیزل چوری کرنے والا منظم گروہ رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان نے مورگاہ راولپنڈی سے سہالہ ڈپو آنے والی آئل پائپ لائن میں غیر قانونی کنکشن لگا رکھا تھا، ملزمان زیر زمین سرنگ کے ذریعے ڈیزل چوری کرتے تھے۔
سہالہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو موقع سے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے فلنگ پائپ، گاڑی، ڈرمز اور چوری شدہ ڈیزل برآمد کر لیا۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیزل چوری کے نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے جاری۔