عرفان ملک: لاہور ٹریفک پولیس نے ٹریفک وارڈنز کے نفسیاتی چیک اپ کروانے کا فیصلہ کر لیا۔
حکام کے مطابق ماہرینِ نفسیات وارڈنز کے رویوں، ذہنی صحت اور عوامی دباؤ کے اثرات کا جائزہ لیں گے۔ اس دوران اہلکاروں سے فرضی صورتحال میں ردعمل سے متعلق سوالات بھی پوچھے جائیں گے۔
فیلڈ ڈیوٹی انجام دینے والے وارڈنز کے شارٹ نفسیاتی ٹیسٹ لیے جائیں گے جبکہ ذہنی دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت کو بھی جانچا جائے گا جبکہ وارڈنز کے اہل خانہ کے ساتھ تعلقات کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مجموعی رویوں اور ذہنی کیفیت کو بہتر انداز میں سمجھا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نفسیاتی رپورٹس کی بنیاد پر اصلاحی اقدامات کیے جائیں گے جبکہ ذہنی صحت بہتر بنانے کیلئے خصوصی سپورٹ پروگرام متعارف کرانے کی تجویز بھی زیر غور ہے واضح رہے کہ وارڈنز کے رویوں میں بہتری کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔