شوگر ملز چینی 80 روپے کلو بیچیں، لاہور ہائیکورٹ کا حکم

Sugar
کیپشن: Sugar
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (ملک اشرف) رمضان المبارک میں شوگر ملز سے چینی خریدنے کی قیمت 80 روپے مقرر کردی، لاہور ہائیکورٹ کا پنجاب کی شوگر ملز سے ایک لاکھ 55 ہزار ٹن چینی کا حصول یقینی بنانے کا حکم، عدالت نے چینی کے نرخ کو کیس کے حتمی فیصلے سے مشروط کردیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے شوگر ملز کی درخواستوں پر سماعت کی، وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ، پنجاب حکوت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل جواد یعقوب اور دیگر لاء افسران پیش ہوئے، سیکرٹری انڈسٹری، کین کمشنرسمیت دیگرافسروں بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ سرکاری وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ شوگر ملز کے پاس 25 لاکھ ٹن چینی کا سٹاک موجود ہے۔

  شوگر ملز کے وکیل نے عدالت کے روبرو قیمت کے تعین پر آمادگی سے انکار کردیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ رمضان میں چینی لوگوں کو ملنی ہے آپ دیکھ لیں، آپ ثواب کما لیں، چینی کی قیمت کے تعین کا طریقہ کار رمضان المبارک کے بعد طے کیا جائے گا۔

 عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ رولز بنانے کے کام کو یقینی بنائیں، آج عدالت جو حکم جاری کرے گی، وہ چینی کی ایک مخصوص مقدار کیلئے ہے۔

 عدالت نے کہا رمضان المبارک میں شوگر ملز سے چینی خریدنے کی قیمت 80 روپے مقرر کی جاتی ہے۔کین کمشنر عدالتی احکامات پر عمل یقینی بنائے۔

 عدالت نے حکم دیا کہ پنجاب کی شوگر ملز سے ایک لاکھ 55 ہزار ٹن چینی کے حصول کو یقینی بنایا جائے، چینی کے حوالے سے تمام کیسز کو یکجا کرکے رمضان المبارک کے بعد سماعت کے لئے مقرر کیا جائے۔

Sughra Afzal

Content Writer