ویب ڈیسک: عباسی شہید ہسپتال کی ایمرجنسی میں عیدالاضحیٰ کے روز ایک بے قابو بیل کے داخل ہونے سے خوف و ہراس پھیل گیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق بیل ہسپتال کے قریب ایک محلے سے رسی چھڑا کر بھاگا اور سیدھا عباسی شہید ہسپتال کی ایمرجنسی میں گھس آیا۔ اچانک بیل کے داخل ہونے سے وہاں موجود مریض، تیماردار اور عملہ خوفزدہ ہوگئے اور ایمرجنسی وارڈ میں بھگدڑ مچ گئی۔
بیل کو قابو میں کرنے کے لیے اس کے مالک اور اہلِ محلہ ہسپتال پہنچے تاہم ابتدائی کوششوں کے باوجود وہ بیل کو پکڑنے میں ناکام رہے۔ بعدازاں بھاگ دوڑ کے دوران بیل ہسپتال سے نکل کر سڑک پر آ گیا۔
خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم اس غیر متوقع صورتحال کے باعث ایمرجنسی میں طبی عملے کو مریضوں کو سنبھالنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔