(عمران یونس) پنجاب فوڈ اتھارٹی ویجیلنس اور میٹ سیفٹی ٹیموں نے ایک بار پھر لاہوریوں کو خراب گوشت اور گندے انڈے کھانے سے بچالیا۔
سٹی 42 کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی ویجیلنس اور میٹ سیفٹی ٹیموں نے لاہور کے علاقے بکرمنڈی میں کارروائیاں کرتے ہوئے 2100 کلو ناقص گوشت اور 71 ہزار خراب انڈے برآمد کرلیے۔ فوڈ اتھارٹی ٹیم نے 2 افراد موقع سے گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کروادیا۔فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق سیل کیے گئے ذبح خانے کو گرفتار افراد خود سے کھول کر بیمار اورلاغر جانوروں کا گوشت تیار کررہے تھے۔
فوڈ اتھارٹی نے الخیرمیٹ شاپ کو مضرصحت بیمار گوشت فروخت کرنے پر سیل کرکے پکڑا گیا مضر صحت گوشت پیمکو کی بھٹی میں جلا کر تلف کر دیا ۔
دوسری جانب رات گئے ویجیلنس ونگ کی ریکی کےبعد آپریشن ٹیموں نے ریاست ایگ سٹوریج پر چھاپہ مار کر 71 ہزار خراب انڈے برآمد کرلیے۔ فوڈ اتھارٹی نےناقص آئل کےاستعمال پر شکیل سنیکس فیکٹری کو بھی سیل کردیا ۔