سٹی 42: گورنرسندھ اوروزیر اعلیٰ سندھ نے عید میلاد النبی ﷺ پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہمیں اپنی زندگیوں کو اسوۂ حسنہ کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے عید میلادالنبی ﷺ پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا حضور ﷺ کی ولادت باسعادت ساری انسانیت کے لیے باعثِ رحمت ہے، آپ ﷺ کی سیرت طیبہ میں زندگی کے ہر شعبے کے لیے کامل رہنمائی موجود ہے، جشنِ عید میلادالنبی ﷺ ہمیں اخوت، بھائی چارے اور خدمتِ انسانیت کا درس دیتا ہے، ہمیں اپنی زندگیوں کو اسوۂ حسنہ کے مطابق ڈھالنا ہوگا، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا، ضرورت مندوں کی مدد اور انصاف کرنا سنتِ نبوی ﷺ ہے، حضرت محمد ﷺ سے محبت کا تقاضہ ہے کہ رواداری و ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے، نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل سے ہی دنیا امن کا گہوارہ بن سکتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جشنِ میلادالنبی ﷺ پر پیغام دیتے ہوئے کہا نبی کریم ﷺ کی آمد انسانیت کے لیے سب سے بڑی رحمت ہے،ہمیں اپنی زندگیاں سیرتِ طیبہ کے مطابق ڈھالنی چاہئیں، نبی کریم ﷺ نے مساوات، بھائی چارے اور خدمتِ خلق کا درس دیا،جشن میلادالنبی ﷺ کا تقاضا ہے کہ ضرورت مندوں کی خدمت کو عبادت سمجھا جائے،حالیہ سیلاب سے قوم شدید آزمائش میں ہے، متاثرہ خاندانوں کی مدد سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اللہ تعالیٰ ملک کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے نجات عطا فرمائے،سندھ حکومت عوام کی خدمت اور بحالی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔