سٹی42: شہر کے مختلف علاقوں میں شدید ٹریفک جام، گلبرگ مین بلیوارڈ، حسین چوک اور لبرٹی میں ٹریفک بدترین متاثر رہی۔
تفصیلات کے مطابق فیروز پور روڈ، اچھرہ، قرطبہ چوک ٹریفک سست روی کا شکار رہی. پیکو روڈ، موچی پورہ، ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر رہی.جناح ہسپتال، مون مارکیٹ اقبال ٹاؤن میں بھی ٹریفک کی بدترین صورتحال ہے. ٹریفک کی سست روانی کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا اور شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا. رش سے بچنے کے لئے شہریوں نے فٹ پاتھ پر موٹر سائکلیں چڑھا دیں. ٹریفک پولیس کے افسران ٹریفک بحال کرانے کی کوشش کرتے رہے اور شہریوں کو متبادل راستہ فراہم کرنے کیلئے رہنمائی کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ایک طرف تو آئے روز ٹریفک جام سے ذہنی اذیت کا شکار ہیں تو دوسری جانب حکومت اس حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کر رہی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت، ٹریفک پولیس اور مقامی انتظامیہ کو چاہیئے کہ بہتر پلاننگ اورعملی اقدامات سے ٹریفک مسائل حل کرے تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔