درنایاب:سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نور الامین مینگل نے مون سون سیزن کے پیش نظر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کو تعمیراتی سائٹس پر سخت حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ کی ہدایت پر 15 اگست تک تمام تعمیراتی مقامات پر کھدائی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ بارشوں کے دوران کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
احکامات کے مطابق تمام تعمیراتی سائٹس پر شورنگ اور ریٹیننگ وال کے انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جبکہ تہہ خانوں کی تعمیر سمیت تمام منصوبوں میں سٹرکچرل استحکام اور حفاظتی اقدامات کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مزید ہدایت کی گئی ہے کہ آرکیٹیکٹس، سٹرکچر انجینئرز اور ریذیڈنٹ انجینئرز تین روز کے اندر سیفٹی سرٹیفکیٹس ایل ڈی اے کو جمع کرائیں تاکہ تمام تعمیراتی سرگرمیوں کی باقاعدہ جانچ پڑتال کی جا سکے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ ہمسایہ املاک، عوامی انفراسٹرکچر اور انسانی جانوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے، اور کسی بھی غفلت کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ احکامات کی عدم تعمیل پر ایف آئی آر، پراپرٹی سیل، بلڈنگ پلان کی منسوخی اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
نور الامین مینگل نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔