پاکستان سے جلد امدادی ٹیمیں ترکی پہنچیں گی، شہباز شریف

file photo
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردگان سے زلزلے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے جلد امدادی ٹیمیں ترکی پہنچیں گی۔

 تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردگان کو ٹیلی فون کیا، شہباز شریف نے ترک صدر سے زلزلے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سے جلد امدادی ٹیمیں ترکی پہنچیں گی۔

 وزیراعظم پاکستان نے مزید کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں ہم اپنے بھائی ترکیہ اور اس کی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اس ہمدردی اور مدد کی پیشکش پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

 اس سے پہلے صبح وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر پیغام میں بھی ترکیہ میں زلزلے پر دکھ کا اظہار کیا تھا۔ خیال رہے کہ آج صبح 4 بجے ترکیہ کے جنوبی حصوں میں ہولناک ترین زلزلے نے قیامت ڈھا دی جس کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی۔

 زلزلہ شام میں بھی آیا جبکہ یونان، مصر، قبرص، اردن، لبنان، عراق، جارجیا اور آرمینیا میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ترکیہ میں زلزلے سے سینکڑوں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں اور اب تک 900 سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ شام میں بھی زلزلے سے اب تک 400 افراد جاں بحق اور 600 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔