سٹی42: پنجاب حکومت نے چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے 61 اشتعال انگیز مقررین کے صوبے میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
یہ فیصلہ پنجاب ایم پی او آرڈیننس 1960 کی دفعہ 5(1)(اے) کے تحت کیا گیا جس کا مقصد فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا اور امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب کے دفتر سے 91 مقررین کی فہرست ہوم ڈیپارٹمنٹ کو موصول ہوئی، ہوم ڈیپارٹمنٹ نے جانچ پڑتال کے بعد 61 افراد پر پابندی کی منظوری دی۔
سمری کے ذریعے منظوری کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
دوسری جانب علامہ شہنشاہ نقوی، علامہ شبیر الحسن طاہری، ساجد نقوی اور اشتیاق حسین کاظمی نے فہرست میں شامل ہونے پر اعتراضات جمع کروائے۔ اعتراضات کا جائزہ لینے کے بعد ان کے نام فہرست سے خارج کر دیے گئے
پولیس کی جانب سے چہلم اور دیگر مزارات پر ہونے والے عرس کے موقع پر سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔پاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا بھی امکان ہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔