پی سی بی نے خواتین کرکٹرز کو خوشخبری سنادی

پی سی بی نے خواتین کرکٹرز کو خوشخبری سنادی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42:پاکستان کرکٹ بورڈ  نے اپنی ڈیوٹی آف  کیئر پالیسی  کے تحت  خواتین کرکٹرز کے لیے 3 ماہ کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے جس سے 25 خواتین کرکٹرز مستفید ہوں گی جنہیں اگست سے اکتوبر تک ماہانہ 25 ہزار روپے وظیفہ ملے گا۔ خواتین کرکٹرز کی مالی امداد کی یہ تجویز عروج ممتاز کی سربراہی میں کام کرنے والے ویمنز ونگ نے پیش  کی تھی جسے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے منظور کر لیا۔

ان 25 خواتین  کرکٹرز کا اعلان کردہ سکیم کے لیے انتخاب ان کی جانب سے اہلیت کے مقررہ معیار پر پورا اترنے کے بعدکیا گیا ہے، 3 ماہ پر مشتمل اس اسکیم کے لیے اہلیت کا مقررہ معیار  ڈومیسٹک سیزن  2019-20 کا حصہ ہونا،  سیزن 2020-21 کے لیے کنٹریکٹ  نہ ملنا اور فی الحال آمدن کا کوئی ذریعہ (نوکری، کنٹریکٹ یا کاروبار) نہ ہونا ہے۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ جون  میں خواتین کرکٹرز کے لیے کنٹریکٹ کا اعلان بھی کر چکا ہے، جس کے مطابق 9 سینٹرل کنٹريکٹ يافتہ اور اتنی ہی ایمرجنگ کھلاڑیوں کو دیے گئے 12 ماہ پر مشتمل کنٹریکٹ  کا اطلاق یکم  جولائی 2020 سے ہو چکا ہے۔حالیہ اعلان کے بعد اب پی سی بی مجموعی طور پر 43 خواتین کرکٹرز کی امداد کر رہا ہے۔


چیئرپرسن ویمن ونگ عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ کووڈ-19 کے باعث دنيا بھر ميں خواتين کرکٹ کی سرگرمياں رکی ہوئی ہیں، اس وبا سے ہماری خواتين کرکٹرز  بھی بہت متاثر ہوئی  ہیں  اور ان  میں سے کچھ تو ایسی ہیں جو اپنے اہل خانہ کی واحد کفیل  ہیں۔

یاد رہے پاکستان کرکٹ بورڈ اس سے قبل جون میں بھی ایسی ہی ایک اسکیم متعارف کرواچکا ہے، جس سے 161 اسٹيک ہولڈرز جن میں  سابق فرسٹ کلاس کرکٹرز ،میچ آفیشلز، اسکوررز اور کیوریٹرز مستفید ہوئےتھے۔ اس یک مدتی اسکیم کا مقصد کووڈ-19 کے باعث پیدا شدہ حالات سے نمٹنے میں  اپنے اسٹیک ہولڈرز کی معاونت کرنا تھا۔
 

Azhar Thiraj

Senior Content Writer