سٹی 42:آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے وزرائے تعلیم کانفرنس کا اعلامیہ مسترد کردیا۔
آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا کہتے ہیں کہ حکومت 15 اگست سے ملک بھر کے اسکولز کھولنےکا اعلان کرے، بصورت دیگر وہ خود تعلیمی ادارے کھول لیں گے۔ایک بیان میں کاشف مرزا نےکہا کہ اسکولز کھولنے والے اداروں کو قانونی تحفظ دینے کے لیے لیگل سیل قائم کر دیا گیا ہے جب کہ رکاوٹوں کی صورت میں لانگ مارچ کیاجائےگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایس اوپیز کے تحت دیگر شعبوں کی طرح اسکولز بھی کھولے جائیں، ملک بھر میں ساڑھے7 کروڑ طلباء وطالبات اپنےآئینی حق سے محروم ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھرکے تعلیمی ادارے 15 ستمبرکو ہی کھولے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ملک میں کوروناوائرس کے باعث تعلیمی ادارے کئی ماہ سے بند ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کہا ہے کہ 15 اگست کو سکول کھولنے کی خبر جھوٹ ہے،تمام تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے ہی کھولے جائیں گے۔
ANNOUNCEMENT:
— Murad Raas (@DrMuradPTI) August 5, 2020
All Public & Private Schools of Punjab to open September 15th, 2020. This is a tentative date depending on COVID 19 situation in Punjab. SOPs for opening Schools are in place which will be conveyed to everyone. All other news is “FAKE NEWS”
یاد رہے ملک میں کورونا سے مزید 21 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 6030 ہوگئی ہے جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 281541 تک جاپہنچی ہے۔اب تک پنجاب میں 2157 ، سندھ میں 2245 اور خیبر پختونخوا میں 1215 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ اسلام آباد میں 167، بلوچستان میں 136، گلگت بلتستان میں 55 اور آزاد کشمیر میں 55 افراد کا انتقال ہوا ہے،کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے لاک ڈائون کیا گیا تھا جس میں نرمی کرتے ہوئے آہستہ آہستہ تمام شعبوں کو کھولا جارہا ہے لیکن تعلیمی ادارے تاحال بند ہیں۔