خاتون اول اور فرح خان پر الزامات، عثمان بزدار کا ردعمل آگیا

 خاتون اول اور فرح خان پر الزامات، عثمان بزدار کا ردعمل آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار  نے خاتون اول بشریٰ بی بی اور ان کی دوست فرح خان پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ 

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ خاتون اول بشری بی بی اور فرح خان کے بارے میں بے بنیاد الزامات کو قطعی طور پر مسترد کرتا ہوں، عبدالعلیم خان، چودھری محمد سرور اور دیگر اپوزیشن ارکان کے من گھڑت الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں اور بلا ثبوت الزام تراشی کی مذمت کرتا ہوں،  پنجاب میں تقرر و تبادلے میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق ہوتے ہیں۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کے بے تاج بادشاہوں کا ہمیشہ وطیرہ رہا ہے کہ جب سیاسی میدان میں مات کھائیں تو بلیک میلنگ کے لیے اپنے حریفوں اور اداروں پر بے سروپا الزامات لگانے لگ جاتے ہیں

واضح رہے کہ خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان کی مبینہ کرپشن کی داستانیں اِن دنوں زبان زد عام ہیں، اپوزیشن ہی نہیں، گھر کے بھیدی پنجاب کے سابق سینئر وزیر، پی ٹی آئی کے منحرف رہنما عبدالعلیم خان بھی کرپشن کی کہانیاں سناتے دکھائی دیتے ہیں۔

عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ فرح خان تقرر وتبادلوں کے عوض بھاری رقوم بٹورتیں، انہوں نے کئی بار شکایات بھی کیں، مگر کوئی شنوائی نہ ہوئی۔

فرح خان پر مبینہ کرپشن کےالزامات کی باز گشت، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھی کہہ چکی ہیں کہ فرح خان نے پنجاب میں تقرر و تبادلوں کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا،  پنجاب میں کسی بھی سرکاری افسر کی تقرری یا تو جادو ٹونے سے ہوتی یا فرح خان کو رشوت ادا کر کے ہوتی تھی۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار نے فرح کے گاؤں کی سڑکیں بنوائیں، وہ اگر بچ کر پاکستان سے نکل گئی تو کوئی بات نہیں، اُس کے خلاف جب ثبوت سامنے آئیں گے تو انٹرپول جیسی سہولیات موجود ہیں۔

ن لیگی رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا کہ فرح چوہدری فرنٹ وومن اور عثمان بزدار فرنٹ مین تھے،  پیسہ کہاں جاتا تھا سب سامنے آئے گا،  عمران خان کا نوٹیفکیشن ابھی تک اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے جاری نہیں کیا، عمران خان اس وقت جعلی وزیراعظم اور عثمان بزدار جعلی وزیراعلٰی ہیں۔

مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ فرح چوہدری نے پنجاب میں ہرٹرانسفر پوسٹنگ پر پیسے لیے، فرح بیرون ملک پنجاب کی سرکاری جہاز پر گئی،ہاتھ میں 90 ہزار ڈالر کا بیگ تھا، عمران نے 105 ارب کی بی آر ٹی بنائی، اس کا بھی حساب ہوگا، آپ چوری چوری کرتے رہے اور اتنی لمبی چوری کر لی، آپ نے توشہ خانے کی گھڑیاں بیچ دیں اور دوسروں کو غدار بنا رہے ہیں۔

دوسری جانب خاتون اول کے بیٹے موسیٰ مانیکا کا کہنا ہے کہ فرح خان نے وزیر اعظم اور میری والدہ کے ساتھ اچھا نہیں کیا۔